اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر ‘ رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو فائل کردیا‘ محمد زبیر عمر کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں عمران خان کے 1981 سے لے کر 2015تک ٹیکس چوری‘ اثاثے چھپانے سمیت دیگر جرائم کی تفصیلات موجود ہیں‘ عمران خان نے اپنے ٹیکس گوشواروں میں یہ کہا ہے کہ بنی گالہ کی زمیں ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے گفٹ کی حالانکہ خون کے رشتے کے علاوہ کوئی گفٹ نہیں دے سکتا‘ عمران خان نے بنی گالہ کی زمین پر ٹیکس ادا نہیں کیا‘ دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرکے آئین کی خلاف ورزی کی‘ قومی اسمبلی کے کسی رکن کی نااہلی کے لئے ریفرنس سپیکر کے پاس دائر کرنا ہوتا ہے‘ الیکشن کمیشن اور قومی اداروں کو برا بھلا کہنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے‘ عمران خان بیرونی فنڈنگ کیس سے خوفزدہ ہیں‘ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم مشینوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے‘ عمران خان عورتوں کے پیچھے چھپنا بند کریں‘ عمران خان کرپٹ ترین لوگوں کو اپنے پروں میں چھپا کر احتساب سے بچانا چاہتے ہیں۔
وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ریفرنس فائل کردیا ہے اس میں عمران خان کی غلط بیانی سے متعلق ساری تفصیلات درج ہیں عمران خان نے 1981 سے لے کر2015 تک جو ٹیکس چوری کیا‘ اثاثے چھپائے‘ آف شور کمپنی بنائی ان سب کی تفصیلات ریفرنس میں شامل کی گئی ہیں۔ عمران خان نے کبھی اپنے اثاثے ڈیکلیئر نہیں کئے عمران خان نے 1983ء میں لندن میں اپارٹمنٹ خریدا تب انہوں نے کہا تھا کہ ان کی تین سالوں کی آمدنی ایک لاکھ روپے سے کم ہے۔ عمران خان بتائیں کہ اتنی کم آمدنی میں انہوں نے دو لاکھ پاؤنڈز کا اپارٹمنٹ کیسے خرید لیا۔ انہوں نے اپارٹمنٹ خریدنے سے پہلے آف شور کمپنی بنائی جسے کبھی شو نہیں کیا۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد 2016میں تسلیم کیا کہ ان کی آف شور کمپنی ہے۔ عمران خان نے اپنا اپارٹمنٹ بھی 1997 کے انتخابات میں ظاہر نہیں کیا تھا جب 2000ء میں مشرف نے کالا دھن سفید کرنے کے لئے ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا تب عمران خان نے اپنا اپارٹمنٹ ظاہر کیا۔ فلیٹ تو انہوں نے 2005ء میں بیچ دیا لیکن آف شور کمپنی کا 2016 تک کسی کو پتہ نہیں لگنے دیا۔
عمران خان نے 2000ء میں اپنے اثاثوں کی مالیت 56لاکھ روپے ظاہر کی اگلے ہی سال ان کو باہر سے ایک کروڑ سولہ لاکھ روپے آئے بتائیں کہ وہ کہاں سے آئے۔ اس پیسے سے پھر انہوں نے بنی گالہ کی زمین خریدی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ 2005ء میں ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے بنی گالہ کی زمین انہیں گفٹ کی حالانکہ ان کی طلاق 2004ء میں ہوئی تھی۔ خون کے رشتے کے علاوہ کوئی گفٹ نہیں کرسکتا اور تب تو جمائما ان کی بیوی بھی نہیں تھیں عمران خان کو ایف بی آر کے قوانین کے تحت اس زمین کا ٹیکس جمع کروانا چاہئے تھا لیکن انہوں نے نہیں کروایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ہم نے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس دائر کردیا ہے تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں جو نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے وہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ آئین میں واضح لکھا ہے کہ جب کسی ایم این اے کی نااہلی کا ریفرنس فائل کرنا ہے تو پہلے سپیکر کو کرنا پڑتا ہے اگر وہ مناسب سمجھے تو آگے الیکشن کمیشن کو ریفر کردے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ‘ عوامی تحریک‘ پیپلز پارٹی اور عوامی مسلم لیگ کے پاس اپنے ریفرنسز میں کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی ان میں پانامہ کا ذکر کیا گیا بلکہ شیخ رشید نے تو اپنا ریفرنس بھی الیکشن کمیشن سے واپس لے لیا۔ الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنا تحریک انصاف کی ڈرامہ بازی ہے کبھی یہ ٹی او آرز کمیٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں اور اب پھر یہ کہہ رہے ہیں کہ احتجاج بھی کریں گے اور ٹی او آرز کمیٹی میں بھی آئیں گے۔
کنپٹی پر پستول رکھ کر تحریک انصاف والے اپنی بات نہیں منوا سکتے عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کیس سے خوفزدہ ہیں غیر ملکی فنڈنگ والے کاغذات پر عمران خان کے خود دستخط ہیں۔ قومی اداروں پر انگلیاں اٹھانا اور برا بھلا کہنا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی بنیاد تو ایلیٹ کلاس کے خلاف لڑنے کے لئے رکھی گئی تھی لیکن عمران خان خود کبھی کرکٹ کے ہیرو بنے اور کبھی مشرف کے۔ آج جب ان کی تلاشی لی گئی تو ان کی ایک جیب سے ٹیکس چوری دوسری جیب سے غیر قانونی اثاثے نکلے۔ ان کے آس پاس ان کی اے ٹی ایم بھی کرپٹ ترین لوگ ہیں ایک کے خلاف بیواؤں اور غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضے کا ریفرنس دائر کرچکے ہیں دوسری اے ٹی ایم مشین کے خلاف بھی جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا کہ انہوں نے سائیکل سے جہاز کیسے خرید لئے عمران خان کرپٹ ترین لوگوں کو اپنے پروں میں چھپا کر احتساب کرانا چاہتے ہیں یا احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔ عمران خان خود تو عورتوں کی عزت نہیں کرتے لیکن جب بات ان پر آتی ہے تو عورتوں کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔ عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم مشینوں کو حساب دینا ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی کو عمران خان کے خلاف ریفرنس فائل کردیا ہے امید ہے کہ وہ پرانی دوستی کا لحاظ نہیں کرینگے اور میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔
ایسے تو ایسے ہی سہی ۔۔!عمران خان کیخلاف حکومت نے انتہائی اقدام اٹھا لیا
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں