راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک )عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان،چین، افغانستان اور تاجکستان نے ایک نیا فوجی اتحاد بنا لیا ہے۔ پاک فوج نے ایک بیان میں نے کہا ہے کہ چین کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں جمع ہونے والے چار ممالک کے فوجی رہنماؤں نے نئے فوجی اتحاد کا اعلان کیا۔ پاک فوج کے مطابق کواڈریلیٹرل تعاون اور کوآرڈینیشن میکانزم کے نام سے بنائے گئے نئے الائنس کا مقصد انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں رکن ممالک کو ایک ساتھ لاناہے۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کواڈریلیٹرل تعاون اور کوآرڈینیشن میکانزم نظام دہشت گردی کے خلاف علاقائی کوششوں کو مضبوط کرے گا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان، افغانستان اور تاجکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے اور خطے سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کے لئے کواڈریلیٹرل تعاون اور کوآرڈینیشن میکانزم کے طریقہ کار کو اپنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار وں ممالک نے خطے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے تعاون، کو آرڈینیشن، آپریشن اور تربیت کے لئے سی پی ای سی کے طریقہ کار پر اتفاق کیا ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ واشنگٹن علاقے کے لئے ایک مثبت اقدام کے طور پر نئے اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کو ابھی بہت کام کرنا ہے۔ سیاسی مبصرین کیمطابق اس اتحاد سے بھارت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔