راولپنڈی (آئی این پی) چین کے شہر ارومچی میں انسداد دہشت گردی کیلئے چار ملکی اتحاد کا قیام ، فوجی تعاون گروپ کے پہلے اجلاس میں باہمی فوجی تعاون پر اتفاق کیا گیا ۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارمچی میں پاکستان، چین ، افغانستان اور تاجکستان کی مسلح افواج کی قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، افغان نیشنل آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف، چین کے جوائنٹ سٹاف جنرل فانگ اور تاجکستان کے اول نائب وزیر دفاع نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے جس کے خاتمے کیلئے چار ملکی لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔ شرکاء نے چاروں ملکوں کی افواج کی انسدادِ دہشت گردی کیلئے کوششوں کی تعریف کی ، چاروں ملکوں کی افواج کے سربراہان نے دہشت گرد ی کے خاتمے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں ملکوں کی افواج کے سربراہان نے امن و استحکام کیلئے ملکر کام کرنے ، شواہد کی تصدیق اور خفیہ اطلاعات کے تبادلے میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہا ر کیا۔ انسداد دہشت گردی کیلئے افواج کی استعداد کار میں اضافے اور مشترکہ تربیتی مشقوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چار ملکی فورم کے تحت فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔ چاروں ممالک ایک دوسرے کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کریں گے ۔ اجلاس علامیہ کے مطابق یہ چار ملکی فورم کسی ملک یا بین الاقوامی تنظیم کے خلاف نہیں ہے۔