اسلام آباد(آئی این پی) سندھ میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات کا مسئلہ حل ہو گیا ، وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی حکومت کی درخواست پر صوبے میں رینجرز کے قیام میں ایک سال جبکہ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90روز کی توسیع کر دی ہے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر دو نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں ، رینجرز کراچی سمیت اندرون سندھ بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کاروائیاں کر سکے گی جبکہ صوبے کی پولیس کی معاونت بھی کرے گی ۔ بدھ کو وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں رینجرز کے قیام میں ایک سال کی توسیع جبکہ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ، یہ دونوں نوٹیفکیشن صوبائی حکومت کی درخواست پر جاری کئے گئے ہیں ۔ ، دونوں نوٹیفکیشن طویل قانونی مشاورت کے بعد جاری کئے گئے ہیں اب رینجرز دہشت گردوں ، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رکھ سکیں گے ۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات کراچی سمیت سندھ میں بھی کاروائیاں کرنے کے لئے دیئے گئے ہیں ، صوبائی حکومت نے صرف کراچی میں خصو صی اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن وفاقی حکومت نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے رینجرز کو اندرون سندھ بھی کاروائیاں کرنے کا اختیار دیا ہے ۔ رینجرز کسی بھی کاروائی کے لئے پولیس کو آگاہ کرے گی نہ اجازت لے گی ، انسداد دہشت گردی ایکٹ رینجرز کراچی کے باہر بھی کاروائی کر سکے گی ۔