اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزرات داخلہ نے رینجرز اختیارات سے متعلق صوبائی حکومت کی سمری مسترد کرتے ہوئے سندھ حکومت کو واپس کردی ہے جس پر سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ایک بار پھر تنازع کھڑا ہوگیا، وفاقی وزرات داخلہ نے صوبائی حکومت کو پورے سندھ کیلئے رینجرز اختیارات سے متعلق نئی سمری ارسال کرنے کی ہدایت کردی،صوبائی حکومت نے رینجرز کو پورے سندھ میں اختیارات دینے کی سمری ارسال نہ کی تو وفاق ازخود رینجرز اختیارات کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھا دے گا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرات داخلہ رینجرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت پورے سندھ میں کارروائی کے لئے اختیارات دینا چاہتی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے رینجرز کوصرف کراچی میں خصوصی اختیارات دینے کی سمری ارسال کی تھی،اگر صوبائی حکومت نے رینجرز کو پورے سندھ میں اختیارات دینے کی سمری ارسال نہ کی تو وفاق ازخود رینجرز اختیارات کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھا دے گا۔ذرائع کے مطابق کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور سندھ میں رینجرز کے قیام سے متعلق وفاقی وزرات داخلہ کو صوبائی حکومت کی سمری موصول ہوئی تو اس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے وزرات داخلہ کے افسروں کا اجلاس ہوا،سندھ حکومت نے صوبے میں رینجرز کے ایک سال قیام جبکہ کراچی میں تین ماہ کیلئے خصوصی اختیارات دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق وزرات داخلہ کی طرف سے صوبائی حکومت کی سمری میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کو صرف کراچی تک محدود کرنے کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے اسے واپس کر دیا گیا اور سندھ حکومت کو رینجرز اختیارات سے متعلق نئی سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزرات داخلہ چاہتی ہے کہ رینجرز کو پورے سندھ کیلئے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اختیارات دیے جائیں تاکہ دہشتگردوں ،جرائم پیشہ افراداور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاریاں عمل میں لائی جاسکیں اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزرات داخلہ نے رینجرز اختیارات سے متعلق صوبائی حکومت کی سمری مسترد کرتے ہوئے سندھ حکومت کو واپس کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پورے سندھ کیلئے رینجرز اختیارات سے متعلق نئی سمری ارسال کرے ۔ ذرائع کے مطابق ا گر صوبائی حکومت نے رینجرز اختیارات کا دائرہ کار پورے سندھ تک بڑھانے کی سمری ارسال نہ کی تو وفاق رینجرز کو ازخود بھی اختیارات دے دے گا۔