کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغان حکام نے حال ہی افغانستان میں ہونے والے داعش کے حملوں کاالزام جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید پر عائد کرتے ہوئے پاکستان سے شکایت کی ہے کہ افغانستان میں ہونے والے داعش کے حملوں کی ہدایات حافظ سعید خود دے رہے تھے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق چند روز قبل افغانستان کے حکام نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھایا، رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ میں افغانستان کے علاوہ نیٹو اور پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔امریکی ٹی وی کے مطابق افغان الزامات کے بعد یہ ابہام پیدا ہوگیا کہ شاید افغان حکام حافظ سعید اور داعش کی افغان شاخ اسلامک سٹیٹ آف خراسان پراونس کے سربراہ سعید خان کو خلط ملط کر بیٹھے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ افغان حکام کی جانب سے اپنے ملک میں ہونے والے داعش کے حملوں کو حافظ سعید کے ساتھ جوڑنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔