کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین سمیت متحدہ کے دیگر مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دیدیا۔ انسداد ہشت گردی عدالت میں قتل کیس میں سابق سکیورٹی انچارج نائن زیرومنہاج قاضی کو پیش کیا گیا اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر مفرور ملزمان جن میں ندیم نصرت، راشد اختر ، اطہر حسین اور سہیل زیدی کو اشتہاری قرار دیدیا۔
اس موقع پر عدالت نے ملزم کو گواہوں کے بیانات کی نقول فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے مفرور ملزمان کی جائیدار سے متعلق اشتہار شائع کرنے کا حکم بھی سنایا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہد حامد قتل کیس کی سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ کیس کے ایک ملزم صولت مرزا کو پھانسی ہو چکی ہے۔