دوشنبے (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے کاسا1000منصوبے کوخطے کی تعمیر و ترقی کیلئے انتہائی اہم منصوبہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی روابط مزید مضبوط ہوں گے، منصوبہ وسط ایشیاء اور جنوبی ایشیاء کے ممالک کو آپس میں ملائے گا، کاسا1000 منصوبے سے سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی اور خطے میں تجارت کو فروغ ملے گا۔ وہ جمعرات کو دوشنبے میں کاسا1000منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کاسا 1000 خطے کیلئے بہت اہم منصوبہ ہے، منصوبے پر عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، منصوبے سے پاکستان کو 1000 اور افغانستان کو 300 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، منصوبہ دونوں ملکوں کیلئے انتہائی مفید ہو گا، منصوبے سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے سے علاقائی رابطے مزید مربوط ہوں گے، منصوبہ وسط ایشیاء اور جنوبی ایشیاء کے ممالک کو آپس میں ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوشنبے لاہور سے براہ راست پروازوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، پروازوں سے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تقریب کیلئے بہترین اہتمام پر تاجک صدر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی، توانائی اور راہداریوں کے ذریعے دو خطے آپس میں منسلک ہوں گے، کاسا 1000 منصوبے سے تجارت کو فروغ ملے گا، کاسا 1000 منصوبے سے سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی۔