اسلام آباد(نیوزڈیسک)) کپتان کا پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کا مطالبہ نیا سیاسی پنڈورہ بکس کھل گیا۔ حکومت نے کھل کر مخالفت کر دی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی پر خطاب صرف وزیراعظم اور صدر کر سکتے ہیں عمران کو اجازت دی تو اس کے بعد اسمبلی میں ایک نشست رکھنے والا بھی قوم سے خطاب کا مطالبہ کرے گا۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور چیئرمین سینٹ کی اجازت سے تقریر ٹی وی پر دکھائی جاتی ہے اور خبروں میں حکومت کو جتنا وقت دیا جاتا ہے اتنا اپوزیشن کو بھی دیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دھرنے کے دوران بھی قوم سے خطاب کئے ان کی پریس کانفرنس یا جلسے سے خطاب تمام چینل نشر کرتے ہیں۔ پی ٹی وی پر خطاب کا مطالبہ صرف سیاسی چال ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان نے اتوار کی شام کو پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔