کراچی (نیوزڈیسک) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 115 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار فیصل رفیق کامیاب ہوگئے ہیں۔ غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے فیصل رفیق 11747 ووٹ لے کر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سعید چاولہ 1368 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ پی ایس 115 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 614 ووٹرز تھی جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 90 ہزار 413 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 72 ہزار 701 ہے۔ واضح رہے کہ حیرت انگیز طورپر متحدہ قومی موومنٹ کے ووٹوں میں بہت بڑا فرق آیا ہے ۔عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار ارشد وہرہ نے 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے تاہم جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار فیصل رفیق صرف 11 ہزار 747 ووٹ حاصل کرسکے۔