کرا چی (نیوزڈیسک)محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے صوبے بھر میں 90 روز کے لئے دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملتی جلتی گاڑیوں اور یونیفارمز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلہ آئی جی سندھ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردیوں اور گاڑیوں سے مماثلت رکھنے والے یونیفارمز اور گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نجی گاڑیوں پر پولیس لائٹس، کالے شیشوں، بلو لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹس کے علاوہ پولیس سائرنز اور ہوٹرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پابندی 90 روز کے لئے عائد کی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔