اسلام آباد( نیو زڈیسک)امریکا میں قید کی سزا پانے والی پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے انتقال کی افواہیں سوشل میڈیاپرگردش کر رہی ہیں۔مختلف سوشل میڈیا پیجز اور اکاؤنٹس کی جانب سے اس حساس موضوع پر طرح طرح کے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ دوسری جانب طویل قید کی سزا پانے کے بعد امریکی جیل میں موجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہل خانہ اور قریبی خاندانی ذرائع کچھ اور ہی صورتحال پیش کر رہے ہیں۔ جبکہ عافیہ صدیقی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی خاتون کے ساتھ اس کے اہلخانہ کا طویل عرصہ سے کوئی رابطہ نہیں ہونے دیا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ وہ ان اطلاعات کے ماخذ کے حوالے سے بھی لاعلم ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی نمائندہ تنظیم ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخا ب عالم سوری کا کہنا ہے کہ ان طلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنے وعدوں کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کیس میں فوری دلچسپی لے کر معاملہ کو بہتری کی جانب لائے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں مختلف انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر یہ اطلاعات زیر گردش رہی ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی جیل میں انتقال کر گئی ہیں۔