اسلام آباد(نیو زڈیسک)یوم پاکستان پرپریڈ کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پریڈ کے مقام کی مکمل سیکیورٹی پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ کے حوالے ہو گی۔تفصیلات کے مطابق 23مارچ کی تقریب کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس بھی پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ کی معاونت کرے گی۔پریڈ میں شرکت کے لیے صرف دعوت نامہ رکھنے والے افراد کو مین ایکسپریس ہائی وے ،فیض آباد اور زیروپوائنٹ پر داخلے کی اجازت ہوگی۔ یوم پاکستان پر پریڈ وینیو کے اطراف میں واقع سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس زیرو پوائنٹ فیض آباد سے لیکر مری روڈ ،کشمیر ہائی وے اور کلب روڈ پرتعینات ہوگی اورٹریفک کو متبادل راستوں پربجھوائے گی۔پریڈ میں آنے والے شرکاء کو دعوت ناموں کے ساتھ گاڑی کی پارکنگ اور مقررہ راستوں کا پلان بھی بھجوایا گیا ہے۔