اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام اور درست مقام کی فراہمی کے لئے قوانین بنائے ۔ حکومت اس پر عمل بھی کروائے گی قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹیوں نے بھارت کو شکست دے کر سرفخر سے بلند کیا اور بیٹوں کی ہار کا دکھ کم کیا ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور 23 مارچ کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا ۔نظریہ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام تصویری نمائش کی تقریب سے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ یادگار دن ہے اس دن پاکستان حاصل کرنے کی بنیاد رکھی گئی نظریہ پاکستان کی عکاسی کرتی ہوئی تصویریں پاکستان کے حصول کے لئے کی جانے والی جدوجہد کی عکاس کر رہی ہیں قائد اعظم کا وژن تھا کہ پاکستان کے ہر شہری کے لئے برابری اور انصاف ملے پاکستان کے شہریوں میں کوئی تفریق نہیں ہے آزاد ملک کے حصول کے بعد ان مقاصد کے حصول کے لئے کوشاں ہیں پاکستانی تفریق کو تسلیم نہیں کرتے سب کو ایک جیسے حقوق حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے پاکستانی حکومت اور افواج کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو دنیا بھر نے تسلیم کیا ہے جلد ہی ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیں گے ۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارے جوانوں نے خواتین نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی ۔بھارت سمیت خطے کے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہا ں ہیں تاکہ خطے میں امن قائم رہے ۔ خطے میں غربت کے خاتمے کے لئے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ ملک میں توانائی کے بحران کو حکومت نے پہلے سے بہت کم کر دیا ہے آئندہ دنوں میں مزید بحران کم ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو درست مقام دینے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین بنائے گئے اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی گئی ۔ حکومت قو انین پر عملدرآمد کروائے گی انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹیوں نے بھارت سے میچ جیت کر سرفخر سے بلند کر دیا اور اس دکھ کو بھی کم کیا جو دکھ بیٹوں کے میچ ہارنے سے ہوا خواتین ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔