لاہور (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے نیب کو پنجاب میں کسی کے احتساب یا کارروائی کرنے سے کبھی نہیں روکا میں تو کہتا ہوں کہ میں ہر طرح سے حاضر ہوں اگر مجھ پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو ہر سزا کیلئے تیار ہوں۔ وہ گزشتہ روز اوورسیز پاکستانی کمیشن کے وائس کمشنر شاہین بٹ کی رہائش گاہ پر ایک عشائیے میں غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ اس عشایئے میں بیرون ملک رہائش پذیر تاجروں صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نیب کیا ہم تو ہر ادارے سے ہر طرح کی تفتیش کیلئے تیار ہیں۔ ویسے نیب تو خود قابل گرفت ادارہ ہے اس کے بارے میں بعض حقائق اگر سامنے آ جائیں تو نیب کے پسینے چھوٹ جائیں۔ انہوںنے کہا کہ نیب نے پنجاب میں بہت سے معا ملا ت کی تفتیش کی ہے اور تمام معاملات شفاف ثابت ہوئے ہیں۔ مثلاً ایل ڈی اے سٹی وغیرہ ہم نے نیب کو کبھی بھی یہاں کارروائی سے نہیں روکا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ خدا نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کا بہت اچھا موقع دیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری ایک بہترین موقع ہے یہ خدا کی طرف سے پاکستان کو سنبھلنے اور اقتصادی خوشحالی کیلئے ایک انمول تحفہ ہے۔ اورنج لائن ٹرین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے حوالے سے لاکھوں مسافروں کو فائدہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس پر اعتراض کرتے ہیں ان کی تعداد بہت ہی کم ہے۔ پاکستان کے 99 فیصد عوام ایسے منصوبوں کے حامی ہیں۔ جہاں تک یہ کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم صحت اور تعلیم پر خرچ کی جائے یہ منفی بات ہے چین نے یہ رقم صرف اور صرف اورنج لائن ٹرین کے لئے ہی دی ہے۔جنگ رپورٹر پرویز رشید کے مطابق 20 سال تک ہمیں یہ 8 ارب روپے سالانہ قرض ادا کرنا ہو گا۔ ہم صحت پر تقریباً250 ارب خرچ کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا بنیادی ڈھانچہ چھ ماہ تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد آلودگی اور ٹریفک مسائل جو اس سے پیدا ہو رہے ہیں ختم ہو جائینگے۔ وزیر اعلیٰ نے ممتاز قادری کی پھانسی کے حوالے سے کہا کہ یہ خالصتاً عدالتی فیصلہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے شرکاء کو بتایا کہ جب میں امریکہ میں علاج کیلئے گیا تھا تو شاہین بٹ نے بڑیے پر خلوص انداز میں میرا خیال رکھا تھا۔