اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہمارے قومی وقار کی علامت ہے ،50سال پہلے ہماری افواج اورقوم نے اپنی سلامتی اورآزادی کادفاع کیا۔پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے فرض کی لگن کی وہ مثالیں قائم کیں جو ہمارے لئے مشعل راہ بن گئی ہیں ، دفاع وطن کی خاطرکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یوم دفاع کے حوالے سے آرمی چیف کا پیغام کوئٹہ میں ایف سی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پڑھ کر سنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج جغرافیائی سرحدوں،اندرونی خطرات کا مقابلہ کررہی ہے۔فیصلہ کن آپریشن ضرب عضب نےدہشت گروں کی کمرتوڑدی ہے اور یہ آپریشن اپنے آخری مرحلے میں ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاک وطن سے دہشت گردوں کامکمل صفایا کردیا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہاکہ جغرافیائی سرحدوں پرکڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔یوم دفاع پر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دفاع وطن کو جانوں سے زیادہ مقدم رہیں گے اور دفاع وطن کو ناقابل تسخیربنانےمیں کوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔انہوں نے فوج ، قانون نافذ کرنےوالے اداروں ،سویلین اور خاص طور پرآرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں کو خراج تحسین پیش کیا۔