حافظ آباد(نیوزڈیسک) کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ملک کی 25 فیصد آبادی کسانوں پر مشتمل ہے اور ان کی وجہ سے ملک چلتا ہے لیکن پاکستان میں کسان کا برا حال ہے۔ بھارت اپنے کسانوں کا خیال رکھتا ہے لیکن پاکستان میں کسانوں کو کوئی سہولتیں نہیں دیں جا رہیں۔ بجلی کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس بھی مہنگی کر دی جاتی ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن پاکستان میں کسان کو اس کا فائدہ نہیں دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا حکومت نے ڈیڑھ سو ارب پنڈی ،لاہور میٹرو بسوں پر لگا دیا اگر کسانوں کی فکر ہوتی تو ڈیڑھ سو ارب ادھر نہ لگاتے۔ ڈیڑھ سو ارب روپے سے کسانوں کو سستی کھاد بیج دیئے جا سکتے تھے کیونکہ کسان کی مدد کرنے سے ملک میں خوشحالی آ جائے گی۔ انہوں نے کہا تین حلقوں کا رزلٹ آ گیا ہے اب چوتھے حلقے کا نتیجہ بھی وہی نکلے گا جو تین حلقوں کا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب تیاری کر لیں چار اکتوبر کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ کریں گے ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ سندھ میں پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اور باقی صوبوں میں دیگر جماعتوں کا مقابلہ کریں گے۔