سیالکوٹ (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی اور سرحد پر فائرنگ کرنے کا مجرم ایک ہی ہے ، بھارت نے سرحد پار کرنے کی کوشش کی تو ایسا سبق سکھائینگے کہ قیامت تک نقصان پورا نہیں کرسکے گا۔ بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت عالمی برادری کو پیش کرینگے ، اپنے ملک کے ہر ہر انچ کا ہر قیمت پر دفاع کرینگے اور ہم ایسا کرنا جانتے ہیں۔ اتوار کو یہاں ورکنگ باﺅنڈری پر کندن پور کے علاقے میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے زخمی ہونیوالے شہریوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں امریکی قومی سلامتی مشیر سوسن رائس کا دورہ پاکستان بہت اہم ہوگیا ہے ، پاکستان بھارت کی جارحیت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کریگا اور یہ ٹھوس ثبوت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی گڑ بڑ اور دہشت گردی میں ملوث ہے۔ یہاں بھی اس نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کی موجودہ جدید دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، یہاں کوئی فوجی موجود نہیں تھے ۔ بھارتی فوج نے صرف شہریوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی لیکن اسے یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام مسلح افواج کے پیچھے کھڑے ہیںاورہم اسے ایسا جواب دینگے کہ وہ اپنا نقصان قیامت تک پورا نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں اور ہم اسے بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ دشمن اپنے اندرونی مسائل سے اپنے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اس قسم کی کارروائیاں کررہا ہے ، نہتے شہریوں پر بزدل دشمن نے حملہ کیا ہے اور ہم متاثرہ ہونیوالے خاندانوں کےساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرینگے جبکہ اکتوبر میں وہ امریکہ کے دورے میں بھی یہ ثبوت سامنے لائینگے۔ ہم اپنی سرمین کی حفاظت کرنا جانت ہیں اور پوری قوم اس کیلئے قربانی دینے پر تیار ہے۔ پاک فوج بہادری اورجراتمندی سے ملک وقوم کا دفاع کررہی ہے اور قوم بھی اپنی فوج کے ساتھ ہے۔ ہمارا دشمن صرف ایک ہے اور وہ بھارت ہے جو ایک طرف تو سرحدوں پر بمباری کررہا ہے اور دوسری جانب کراچی ، فاٹا ، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کو مدد فراہم کرتا ہے۔ بھارت نے ہم پر جو بھی الزام لگایا اسے منہ کی کھانا پڑی لیکن ہمارے پاس بھارتی ایجنسی را کیخلاف مضبوط ثبوت موجود ہیں۔بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی تحریکوں کو بھی بھارت کی حمایت حاصل ہے اور علیحدگی پسند بھارتی پاسپورٹ پر دنیا بھر میں سفر کرتے ہیں وہ انہیں مالی معاونت اور اسلحہ فراہم کرتا ہے۔