اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) کراچی ائر پورٹ سے جعلی دستاویزات دوسروں کے بورڈنگ پاس کے ذریعے مختلف افراد کو بیرون ملک بھجوانے کے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے جس پر چیئرمین پی آئی اے نے چار افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ محکمانہ انکوائری مکمل کرکے تین دن میں رپورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج کرکے عدالتوں کو بھجوائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے رپورٹ دی تھی کہ کراچی ٹارگٹ آپریشن میں مطلوب افراد اور جرائم پیشہ لوگ اور اپیکس کمیٹی کی فہرستوں میں جو لوگ نامزد تھے انہوں نے مختلف راستوں سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ان کےخلاف کارروائی کی جائے کیونکہ ان میں زیادہ تر افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں تھے جس کے باعث وہ دوسروں کے بورڈنگ پاس اور جعلی دستاویزات پر خلیجی ریاستوں میں فرار ہو رہے ہیں جس پر جمعہ کے روز پی آئی اے اوردیگر شعبوں کے افسران اور اہلکاروں نے ایک شخص کو جعلی بورڈنگ پاس دے دیا اس کے نام کا بورڈنگ پاس کسی اور کو دے کر سفر پر روانہ کردیا یہ سکینڈل منظر عام آنے پر چیئرمین نے اسٹیشن ماسٹر سمیت چار افسران کو معطل کردیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ تین ماہ میں یہ چھٹا ایسا کیس ہے جن کے بارے میں انکوائریاں ہو رہی ہیں لیکن کسی کے خلاف ابھی تک کارروائی نہیں ہوئی تھی۔ سندھ رینجرز اور دیگر محکموں کی جانب سے کراچی ائرپورٹ پر حکام کو سختی کرنے کی درخواستیں دی ہیں لیکن پہلے جو افراد پکڑے گئے ان کی انکوائریاں ابھی تک مکمل نہیں ہوئیں نہ ہی انہیں کسی عدالتوں میں پیش کیا جاسکاہے جس پر چیئرمین کو ایسے افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرنے کےلئے کہاگیاہے۔