اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نوازشریف سے این اے 122میں الیکشن لڑنے کے مطالبہ کو لغو اور بے سروپاقراردیدیا۔سوشل میڈیا پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ عمران خان میں جرت ہے تو وہ خود اب بھی سردار ایاز صادق کے مقابلہ میں اتریں۔انہوں نے کہا کہ این اے 122عمران خان کا گھریلو حلقہ ہے لیکن وہ یہاں تین مرتبہ شکست کھا چکے ہیں ، دو مرتبہ سردار ایاز صادق اور ایک مرتبہ طارق عزیز کے مقابلہ میں ہار چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ مطالبہ انتہائی لغو ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ان کے مقابلہ میں الیکشن لڑیں،اس حلقہ میں پہلے والے امیدواروں کو ہی مدمقابل آنا چاہئے۔عمران خان میں اگر حوصلہ ہے تو وہ یہ رسک قبول کریں، بھاگیں نہیں بلکہ جرت کا مظاہرہ کریں۔