اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کا کوئی ثانی نہیں ، دہشتگردوں کی مدد کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور پورا دن آپریشن میں حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان میں بچوں اور عام افراد کو مارنے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی۔ دہشتگردوں کی مدد کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں سے متعلق پاک آرمی کا کوئی ثانی نہیں۔ آرمی چیف نے آپریشن میں پاک فوج کی غیرمعمولی کامیابیوں کو سراہا۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ خفیہ ٹھکانوں میں چھپے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کیا جائے ، انھوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کے حوصلے کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے شوال کی اہم پہاڑیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ آرمی چیف نے 12 ہزار فٹ کی بلندی پر موجود جوانوں کے ساتھ وقت گزارا ، شوال آپریشن میں اب تک 203 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔