اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے پاکستانیوں تک اپنی نیک تمناو¿ں کے اظہار کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔تفصیلات کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے پاکستانی عوام کو ملک کی 68 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ہندوستانی وزیراعظم کا یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے مابین گذشتہ کافی دنوں سے کشیدگی جاری ہے۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باو¿نڈری پر ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوگئے تھے۔وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے مابین رواں برس جولائی میں روس کے شہر اوفا میں ہونے والی ملاقات میں دہشتگردی سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے دونوں ممالک کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزروں کی ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا۔تاہم اس ملاقات کے بعد عسکریت پسندوں کے متعدد حملوں اور سرحد پر کشیدگی کے واقعات نے صورتحال کو خراب کیا۔رواں ماہ کے آغاز میں ہندوستان کی جانب سے 23 اگست کو سیکیورٹی ایڈوائزروں کی ملاقات کی تجویز دی گئی تھی، تاکہ پاکستان اور ہندوستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر بات چیت کی جاسکے.وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز ہندوستان کے ساتھ سیکیورٹی مذاکرات کے لیے 23 اگست کو نئی دہلی جائیں گے۔