اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کو چھوڑنے پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ملزمان کو چھوڑنے پر پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2 سال گرزنے کے باوجود سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ملزمان کو سزا نہیں دی گئی، سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے حوالے سے بھارتی عدالتوں کی کارروائی پر تشویش ہے۔دفتر خارجہ نے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی فوج کی جانب سے مظفر آباد میں راولا کوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ پر بھی شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون شہید جب کہ 3 افراد زخمی ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ 2007 میں سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے میں 68 پاکستانی شہید جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری بھارت کی انتہا پسند جماعت راشٹریہ سویم سیوک نے قبول کی تھی تاہم اس کے باوجود ملزمان کو آج تک سزا نہیں دی جا سکی۔