کراچی(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے استعفوں کے مسئلے کا حل حکمت عملی کے تحت تلاش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے ارکان صوبائی اسمبلی کے استعفے فوری طور پر منظور نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم سے ہرسطح پر رابطہ کر کے استعفے واپس لینے پر رضامند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے استعفے منظور ہونے سے پیپلزپارٹی کوکوئی فائدہ نہیں ہوگا، جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے حلقوں میں دوبارہ انتخابات سے کراچی آپریشن متاثر ہوسکتا ہے۔دوسری جانب پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملے پر ایکا کرتے ہوئے ایک دوسرے سے رابطوں کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔دونوں جماعتیں ایم کیو ایم کو سیاسی دھارے میں رکھنے کےلئے کردارادا کریں گی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے پارلیمانی گروپ ملکر ایم کیو ایم سے رابطہ کریں گے۔





















