اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف بیلا روس کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے وزیراعظم کو متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی کے استعفوں سے متعلق مشاورت دی۔ دوسری جانب اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ استعفے نہ قبول کئے گئے، نہ نوٹیفیکیشن ہوا اور نہ ہی الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ہیں۔ نوٹیفیکیشن سب کا الگ ہوتا ہے۔ فاروق ستار نے سب اراکین سے مل کر استعفے دیے جنہیں سپیکر نے تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔ استعفوں کی واپسی کے لئے بھی تمام اراکین کو الگ الگ نوٹی فائی کیا جائے گا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق استعفوں پر عمل درآمد کا پراسس کل اسمبلی کارروائی کے بعد شروع ہوگا۔























