اسلام آباد(نیوزڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ﴿ف﴾ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے استعفے ابھی منظور نہیں کئے۔ استعفے لیگل برانچ کو بھجوا دیئے ہیں ۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے قانونی ماہرین استعفوں کا جائزہ لے رہے ہیں استعفوں کی منظوری پر کل غور کروں گا ۔ مونا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آپ نے پی ٹی آئی کے استعفے روک دیئے اور ایم کیو ایم کے استعفوں کی پہلے دن تصدیق کر دی تمام جماعتوں کے لئے ایک ہی معیار رکھنا چاہئے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر کو استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے استعفے منظور کرنے کے معاملے میں جلد بازی نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے استعفوں کی تصدیق کرنے میں بھی جلد بازی کی گئی پارلیمنٹ ، جمہوریت اور نظام کے تسلسل کی خاطر پی ٹی آئی کے استعفے روک دیئے تو ایم کیو ایم کے کیوں نہیں ؟۔ جمہوریت اور نظام کے تسلسل کے لئے بہتر ہے کہ استعفے منظور نہ کئے جائیں























