کراچی (نیوزڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کا مقصد ایم کیوایم سمیت کسی سیاسی پارٹی کودیوارسے لگانا نہیں، آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اور رینجرز کی کارروائیاں قواعد کے مطابق ہیں . ملکی مفاد میں تمام سیاسی قوتیں آپریشن میں رینجرزکا ساتھ دیں۔بدھ کو وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات میں ایم کیو ایم کے استعفوں، سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور آپریشن پرتبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پروزیرداخلہ نے کہاکہ آپریشن کا مقصد شہرِ قائد کوپرامن اورجرائم سے پاک کرنا ہے،رینجرز کی کارروائیاں قواعد کے مطابق ہیں،چوہدری نثار نے کہا کہ ہمارا مقصد ایم کیوایم سمیت کسی سیاسی پارٹی کودیوارسے لگانا نہیں، کسی بھی جماعت کے جائز تحفظات دورکرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے،انہوںنے کہاکہ ملکی مفاد میں تمام سیاسی قوتیں آپریشن میں رینجرزکا ساتھ دیں۔