راولپنڈی(این این آئی) تینوں مسلح افواج کی قیاد ت نے ملک کو درپیش کسی بھی نوعیت کے خطرے کا بھرپورجواب دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں اوردہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز پراطمینان کا اظہارکیاہے،آئی ایس پی آر کے مطابق جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس منگل کو جائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرراولپنڈی میں چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی زیرصدارت منعقد ہوا،اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ چیف آف ائیرسٹاف ائیرچیف مارشل سہیل امان سیکرٹری دفاع اورتینوں مسلح افواج کے سینئرافسران نے شرکت کی،جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر ہوتاہے جس میں اعلیٰ فوجی قیادت شرکت کرتی ہے تاکہ تینیوں افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں اوردیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیاجاسکے،منگل کو ہونے والے اجلاس میں شرکاءنے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو سراہا،اوردہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنزمیں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا،اجلاس میں قومی سلامتی ،خطے کی جیوسٹریٹیجک صورتحال اورمشترکہ عسکری تعلیم وتربیت کے امورپرتفصیلی غورکیاگیا،اجلاس کے شرکاءنے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی تیاریوں کے معیارپربھرپوراطمینان کا اظہارکیا،اجلاس کے شرکاءنے حالیہ سیلابوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مسلح افواج کی جانب سے کیے گئے ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کو بھی سراہا،اجلاس کے شرکاءنے جامع سیکورٹی حکمت عملی کے تحت ملک کو درپیش کسی بھی نوعیت کے خطرے کا بھرپورجواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔