اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کیخلاف مشترکہ جدوجہد میں ہم اپنے افغان بھائیو ں کے ساتھ کھڑے ہیں۔جمعہ کو دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی مذمت کرتا ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اورمتعددافراد زخمی ہوئے بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہیں اوراللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطافرمائے ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاگو ہیں۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم افغانستان کے برادر عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں جو انہیں معصوم شہریوں کیخلاف اس بزدلانہ حملے میں اٹھانا پڑا ہے۔ ہم دہشتگردی کی تمام صورتوں اورشکلوں کی مذمت کااعادہ کرتے ہیں۔دفترخارجہ کے بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم افغانستان کی حکومت کیساتھ ملکر دہشتگردی کامقابلہ کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں اور دہشتگردی کیخلاف مشترکہ جدوجہد میں ہم اپنے افغان بھائیو ں کے ساتھ کھڑے ہیں۔