اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایم کیو ایم کا کراچی میںکارکنوں کی گرفتاری پر بھارتی ہائی کمیشن کو لکھا گیا خط سامنے آ گیا جس میںکارکنوں کی گمشدگی اور گرفتاری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے.تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی میں کارکنوں کی گمشدگی اور گرفتاریوں کا نوٹس لینے کے لیے بھارتی ہائی کمیشن کو لکھا گیا خط منظر عام پر آ گیا ہے جس میں بھارت سے نوٹس لینے اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے صرف بھارت نہیں بلکہ کئی ممالک کے سفارتخانوں کو خط لکھنا معمول کی کارروائی ہے۔ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق بھارت سمیت تمام سفارتخانوں کو لکھے جانے والے خط کی کاپیاں وزیر اعظم پاکستان ، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کو بھیجی جاتی ہیں۔ایم کیو ایم کوئی کام چھپ کر نہیں کرتی ، ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے اسی حوالے سے اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھی خطوط ارسال کیے ہیں۔دنیا بھر کے مختلف ممالک کے سفارتخانوں کو خط لکھنا معمول کی کاروائی ہے۔















































