اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومتی وفد نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس کے بعد فضل الر حمان پی ٹی آئی کے خلاف تحریک واپس لینے پر رضا مند ہو گئے بعد میں حکومتی وفد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے ارکان کے خلاف تحریک واپس لینے کے لئے خود بھی درخواست کی اور اپنا وفد بھی بھیجا ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک نئی قرار داد لائی جائے گی جس کی متفقہ منظوری کے بعد جے یو آئی کی قرار داد واپس ہو جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے استعفوں کے معاملے پر موقف جوں کا توں ہے صرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پرویز رشید نے کہا کہ ؤ مولانا نے کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ہے ۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک واپس لینے کا فیصلہ کر کے عزت افزائی کی ۔ دوسری طرف اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں کا ہنگامی اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کر لیا جس میں پی ٹی آئی کے خلاف تحاریک واپس لینے کے لیے نئی قرارداد کا مسودہ تیار کیا جائے گا۔















































