اسلام آباد (نیوزڈیسک)ترکی کے صدر طیب اردگان پاکستان کے مختصر دورے پر پہنچ گئے ہیں ۔جب ترک صدراسلام آباد ائرپورٹ پرپہنچے توان کاپرتپاک استقبال کیاگیا۔اس کے بعد طیب اردگان ائرپورٹ سے ایوان وزیراعظم پہنچے اوروزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماﺅں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان پہلے ہی اقتصادی تعلقات میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پروزیراعظم نوازشریف نے ترک صدرکے دورہ پاکستان پران کومبارک باد دی اورکہاکہ آپ کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ دونوں مسلم برادرممالک کے عوام ایک دوسرے کی خوشی اوردکھ میں برابرکے شریک ہیں ۔اس موقع ترک وزیراعظم نے کہاکہ ترکی پاکستان میں مزیدسرمایہ کاری کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے ترک سرمایہ کاربھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کوتوانائی بحران سے نمٹنے اوردیگرشعبوں میں ترکی اپناکرداراداکرتارہے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا اور وہ آج رات ہی ترکی روانہ ہوجائیں گے۔واضح رہے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد رجب طیب اردوان کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔