اسلام آباد(نیوزڈیسک)ملک بھرمیں بارشوں کاسلسلہ جاری ،طغیانی ،کئی شہرزیرآب آگئے .راجن پور اور کوہ سلیمان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ،کئی شہر, درجنوں بستیاں زیر آب آ گئیں۔ رحیم یار خان کے قریب پانی کے شدید دباؤ سے زمیندارا بند ٹوٹ گیا۔ سیلابی ریلے کی سندھ میں بھی تباہی، کوٹری کے گرد و نواح میں کئی بستیاں زیرِ آب آگئیں۔ گڈو بیراج پر بدستور اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے کچے کے علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گولارچی میں بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی ہے اور لوگ کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ادھر گلگت بلتستان میں گلیشئرز پگھلنے کے باعث دریائے غذر میں پھر طغیانی آگئی ہے۔ ملتان شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لوہاری گیٹ کے علاقے میں مکان کی چھت گرگئی۔ ملبے تلے ایک بچہ دب گیا ہے جسے نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔