اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کے داخلی معاملات میں مسلسل بھارتی مداخلت پر وزیراعظم معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔بھارتی ڈرون سے حاصل ہونے والی تصاویر سے پاکستان کے دیرینہ موقف کی تصدیق ہوگئی۔بھارتی ڈرون کی پاکستانی حدود میں موجودگی اور جاسوسی کے ثبوت بھی عالمی دوستوں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔معروف تجزیاتی صحافی حذیفہ رحمان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق پاکستان کے اندرونی معاملات میں مسلسل بھارتی دخل اندازی سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہورہی ہے۔جبکہ حالیہ شواہد اور تصاویر سے ثابت ہوگیا ہے کہ دو ہفتے قبل پاکستان حدود میں پاک فوج کی جانب سے نشانہ بنایا جانے والا ڈرون بھارتی فوج کی ملکیت تھا۔جس کے بعد انتہائی مضبوط شواہد سے اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ بھارت پاکستان کی جاسوسی کرکے اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ستمبر میں ہونے والی اقوام متحدہ کی تقریر میں دیگر بھارتی مداخلت کے ساتھ ساتھ ڈرون کے حوالے سے بھی اصول موقف اختیار کریں گے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں کشمیر کے حوالے سے بھی جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں گے۔جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اقتصادی راہداری میں بھی بھارتی رکاوٹ کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کریں گے۔وزیر اعظم کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے حالیہ حکمت عملی کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت کو اعتماد میں لے لیا ہے ۔جبکہ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم بھارت سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں مگر حالیہ بھارتی مداخلت کے بعد وزیراعظم جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے پر تیار ہوئے ہیں ۔ذرائع کا مزید کہنا تھا وزیر اعظم دہشتگردی میں پاکستانی مداخلت کے بھارتی الزام کا بھی اقوام متحدہ میں جواب دیں گے