اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے بھارت کے گورداس پور میں ایک حملے کی مذمت کی ہے جس میں کئی افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے ۔ انہوں نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت اور عوام کو اس واقعے پر دلی تعزیت کرتا ہے ۔ یاد رہے کہ پیر کی صبح کو بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع گورداس پور میں پولیس سٹیشن پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں مسلح حملہ آور مارے گئے تھے حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پہلے ایک بس اور پھر پولیس اسٹیشن کا گھیراﺅ کر کے حملہ کیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق گورداس پولیس سپرنٹنڈنٹ بلجیت سنگھ بھی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے ۔ اس حملے میں کل 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے کسی بھی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 12 گھنٹے کے آپریشن کے بعد پولیس اسٹیشن کا قبضہ حاصل کر لیا تھا اطلاعات کے مطابق حملہ آور فوج کے یونیفارم میں تھے ۔