اسلام آباد (نیوزڈیسک) ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن نے کہا ہے کہ منظم دھاندلی کے الزامات بے بنیاد تھے .الزامات سے بری ہونے کے بعد ڈی جی الیکشن کمیشن شیرافگن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بے بنیاد تھے۔ڈی جی الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے دوران ہونے والی غلطیوں کو تسلیم کیا اور اتنی بڑی تعداد میں انتخابی مواد کی تیاری اور ترسیل کو گڑبڑ کی وجہ قرار دیا۔ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہاکہ پولنگ اسٹیشنز پر بے قاعدگیوں کی بڑی وجہ سینکڑوں کی تعداد میں پریذائیڈنگ افسران کی تعیناتی اور بہت بڑی مشق ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پریذائڈنگ افسران کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں تھی۔ڈی جی الیکشن کمیشن کے مطابق انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں جن کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی انہیں دور کرنے کی پوری کوشش کی جائیگی .رپورٹ رہنمائی کریگی، 2018ءکا الیکشن منظم انداز میں ہو گا۔شیرافگن کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں جلد الیکٹورل ریفارمز لائینگے، قانون اور طریقہ کاربہتر ہو گا تو شکایات بھی کم ہوں گی۔