اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف چترال پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا ، چترال کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن موثر انداز میں جاری ہے.وزیر اعظم نواز شریف سیلاب سے متاثرہ چترال پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ساتھ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ وزیر اعظم کو بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، انہیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ دوسری طرف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج بھرپور انداز میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کر رہی ہے۔ آرمی کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراغ اور بونی سے 60 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں بیمار ، سیاح ، بزرگ اور بچے شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے پانچ سو خاندانوں کے لیے خوراک کے پیکٹس چترال بھجوا دئیے گئے ہیں ۔ چترال میں آرمی انجینئیرز چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں ۔ سڑکوں کی بحالی اور پلوں کی مرمت کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے ، چترال کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والے دروش ، بروزئی کے پلوں کی مرمت کر دی گئی ہے۔