اسلام آباد(نیوزڈیسک ) پاکستان نے بھارت کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے ۔ بھارت دو ہزار تین کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے ، اس سے پہلے بھارتی فورسز نے عید کے روز بھی کنٹرول لائن پر گولہ باری کی ۔ دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے عید کے روز بھی کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا بھارت نے گزشتہ روز دو بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی ۔ بھارتی فوج نے راولا کوٹ اور پونچھ سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں راکٹ ، مارٹر گن اور بھاری مشین گن کا استعمال کیا ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کا جارحانہ اقدام اوفا سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے ۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر تشویش ہے ۔ اس سے پہلے بھارتی فورسز نے عید کے روز بھی کنٹرول لائن پر گولہ باری کی تاہم پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی نے دشمن کی بندوقیں خاموش کرا دیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت گولہ باری سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کہتے ہیں بھارت ہر تہوار کے موقع پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ الزامات بھی عائد کرتا ہے