اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارتی فورسز کی چپڑار سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 3 شہری شہید اور 8 زخمی ہو گئے جب کہ پنجاب رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ کے چپڑار سیکٹر میں صالح پور، جمیاں اور پتوال نامی گاں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کی جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید جب کہ 8 زخمی ہو گئے۔ بھارتی گولہ باری سے متعدد مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ شہریوں کے درجنوں مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی گولا باری کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سیکیورٹی فورسز سیالکوٹ میں ورکنگ بانڈری کے پھوک لیان سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری کی جس پر پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔















































