جیکب آباد/ خیرپور میرس(نیوزڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی متنازع تقریر کے خلاف مقدمات درج کئے جانے لگے۔ جیکب آباد کے تین تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ تھانہ ایئرپورٹ میں شہری عبدالخالق نے درخواست دی۔ تھانہ صدر میں شہری اعجاز شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ تھانہ دوداپور میں شہری محمد مٹھل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ تینوں مقدمات دفعہ 153 کے تحت رجسٹر کئے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق الطاف حسین نے سیکیورٹی اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے، پاکستان کی سالمیت اور قومی اداروں کو نشانہ بنایا۔ ایم کیو ایم قائد کی اشتعال انگیز تقریر کا مقصد سندھ اور کراچی میں گڑبڑ پیدا کرنا تھا۔ ادھر خیرپور میرس کے تھانہ تھری میرواہ اور فیض گنج میں بھی دو مقدمات درج کر لئے گئے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں بھی درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں جن پر مزید مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔