اوفا(نیوزڈیسک)پاک بھارت کشیدہ حالات میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات کل ہونے جا رہی ہے جس پر سب کی نظریں لگی ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدگی کی انتہاء کو چھو رہے ہیں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو ایک بار پھر قریب آنے کا موقع ملا ہے۔ نواز شریف اور نریندر مودی روس کے شہر اوفا میں ملاقات کریں گے۔ نواز شریف اور نریندر مودی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا باعث بننے والے معاملات پر بات چیت ہوگی۔ نواز شریف کی جانب سے پاکستان میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردوں کی امداد کا معاملہ اٹھائے جانے کا بھی امکان ہے۔ روسی شہر اوفا پہنچنے کے بعد بھارتی میڈیا سے انتہائی مختصر گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے