اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سندھ میں رینجرز کے چھاپے مارنے اور گرفتاریاں کرنے کے اختیارات کی مدت رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ ایسے میں سندھ رینجرز نے تمام ونگز کو چھاپہ مار کارروائی نہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں نہیں ہو سکیں گی جبکہ شہر میں گرفتار ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سے تفتیش بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ شہر کے حساس مقامات میں رینجرز کی تعینات اضافی نفری کو بھی واپس بلا لیا گیا۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات اور قیام کی مدت پر قانونی مشاورت شروع کر دی ہے۔ رات بارہ بجے تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو تنازع شدت اختیار کر جائے گا۔ رینجرز کے اختیارات میں توسیع ہر 3 ماہ بعد محکمہ داخلہ سندھ کرتا ہے تاہم اب توسیع کے لئے پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی سے بل پاس کرانے بات کی جا رہی ہے۔