اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی میں رینجرز کے چھاپے مارنے اور گرفتار کرنے کے اختیارات کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت نے تاحال مدت میں اضافے کا فیصلہ نہیں کیا ، وزیر اعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز کی ملاقات بھی آج ہوگی۔ کراچی میں رینجرز کو امن وامان کے قیام کے لئے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے جس کے مطابق رینجرز کو چھاپے مارنے اور گرفتاریاں کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے ، تاہم ان اختیارات کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ دوسری طرف سندھ حکومت نے تاحال رینجرز کے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ نہیں کیا ، سندھ حکومت ہر تین ماہ بعد رینجرز کے اختیارات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر اس مرتبہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا ، دوسری طرف اس سال کے آخر میں رینجرز کی سندھ میں قیام کی مدت بھی ختم ہو رہی ہے۔