اوسلو(نیوزڈیسک) وزیراعظم نوازشریف سے سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے ملاقات کی جس میں انہوں نے گورڈن براؤن کو اوسلو سربراہ اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔اوسلو میں وزیراعظم نوازشریف سے اقوام متحدہ کے لیے تعلیم کے سفیر اور سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے ملاقات کی جس میں وزیرمملکت بلیغ الرحمان، پاکستانی سفیر، مشیرطارق فاطمی اور سرتاج عزیز شریک تھے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے گورڈن براؤن کو اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اوسلو ویژن 5 کروڑ 80 لاکھ بچوں کی تعلیم کے لیے سیاسی عزم کا اعادہ ہے اور پاکستان اوسلو سربراہ اجلاس کے ویژن پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن برداشت اور ہم آہنگی کے لیے جہالت کا خاتمہ لازمی ہے اور یہ ہمارا یقین ہے کہ سماجی اقتصادی ترقی کا واحد ذریعہ تعلیم ہے جب کہ حکومت پاکستان بھی معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہے۔