اسلام آباد(نیوزڈیسک)پی ایچ ایف کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خصوصی آڈٹ کا حکم دے دیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن انچیف وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ چوہدری اعجاز اور ڈی جی اسپورٹس اختر نواز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خصوصی آڈٹ کا حکم دیا۔ذرائع کےمطابق آڈیٹر جنرل پاکستان کو وزیراعظم کے فیصلے کی کاپی موصول ہوگئی جس کے بعد انہوں نے آڈٹ کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ایچ ایف میں آصف باجوہ اور رانا مجاد کے دور کا بھی آڈٹ کیا جائے گا اور خصوصی آڈٹ میں گھپلے ہونے کی صورت میں کیس تحقیقات کے لیے نیب کو سونپا جائے گا۔واضح رہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ شکست اور ملکی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس سے باہر ہونے پر وزیراعظم نے حکام سے رپورٹ طلب کی تھی جب کہ ہاکی تنزلی اور ٹیم کی شکست کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔