اسلام آباد (نیوزڈیسک)مبینہ انتخابی دھاندلی کے تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی آج مکمل ہونے کا امکان ہے ، الیکشن کمیشن کے وکیل سلمان اکرم راجا آج دلائل دیں گے۔چیف جسٹس ناصر الملک کی سر براہی میں 3 رکنی کمیشن انکوائر ی کررہاہے۔ کل کمیشن کے سامنے ن لیگ کے وکیل شاہد حامد نے گذشتہ روز اپنے دلائل مکمل کرلیے ، ان کا کہنا تھاکہ کسی انتظامی غلطی کی بنیاد پر انتخابات کو کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کی 135نشستوں پر کوئی مقدمہ بازی نہیں ہوئی ،137انتخابی عذر داریوں میں سے ایک سو بارہ مسترد کی جاچکی ہیں ، شاہد حامد کا موقف تھا کہ پنجاب میں 79صوبائی نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار تیسرے نمبر یا اس سے بھی نیچے کے نمبر پر آئے۔ اگر مسلم لیگ ن نے مینڈیٹ چوری ہی کرنا ہوتا تو دوسرے نمبر کے امیدوار کا کیا جاتا ، تیسرے یا چوتھے نمبر پر آنے والے امیدوار کا مینڈیٹ چوری کرنے کا کیا فائدہ۔ کمیشن کے روبرو ا?ج الیکشن کمیشن کے وکیل اپنے دلائل مکمل کریں گے۔