لندن (نیوزڈیسک) سکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں شامل تفتیش سرفراز مرچنٹ کے حوالے سے سامنے آنے والی دستاویز کو پولیس کی دستاویز تسلیم کرلیا ہے۔ پولیس نے سرفراز مرچنٹ کے گھر کا دورہ کرکے ان کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔گذشتہ روز پولیس دستاویزات کا سرفراز مرچنٹ سے متعلق ایک صفحہ منظر عام پر آیا تھا جس کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور اور طارق میر نے لندن پولیس کو بتایا کہ ایم کیو ایم کو بھارت سے رقوم ملتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی کہ یہ پولیس کی اپنی دستاویز ہے۔ تاہم اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح دستاویزات جاری ہوتی رہیں تو اس سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے طارق میر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیرگردش دستاویز کو پولیس کی دستاویز تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ دوسری جانب اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اہل کاروں نے وسطی لندن میں سرفراز مرچنٹ کے گھر کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز منی لانڈرنگ کیس سے متعلق دستاویز سامنے آنے کے بعد پولیس سرفراز مرچنٹ کی حفاظت سے متعلق فکر مند ہے۔ سرفراز مرچنٹ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے اپنی سیکیورٹی سے متعلق تشویش سے پولیس کو آگاہ کیا ، اور میڈیا میں آنے والی دستاویز سے متعلق حقائق بھی بتائے۔ سرفراز مرچنٹ کے مطابق انہوں نے پولیس کو تفصیل سے بتا یا کہ دستاویز کس نے اور کیسے پھیلائی۔