اسلام آباد(نیوزڈیسک )ترجمان پاک فوج نے الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کا بیان بے ہودہ اورغیرضروری ہے اور فوجی قیادت سے متعلق اس طرح کے بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فوج اور اس کی قیادت کے بارے میں اس طرح کا بیان بے ہودہ اور غیر ضروری ہے جب کہ الطاف حسین کی تقریر نفرت انگیز اور بلاجواز ہے، اس طرح کے بیانات فوجی قیادت کے خلاف ان مجرموں کی گرفتاری کا رد عمل ہیں جن کے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ روابط ہیں تاہم فوج اور اس کی قیادت کے خلاف اس طرح کا بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ پاک فوج ایسی بیان بازی کےخلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی