اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کے نظام کا آغاز کردیا گیا۔اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز جمعہ سے وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰة کا آغاز کردیا گیا ہے، اس موقع پر امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کی امامت میں اعلیٰ حکومتی شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میں نماز جمعہ ادا کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں نظام صلوٰة پرعملدرآمد کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا جس کے لئے دائمی کیلنڈر تمام مساجد کو فراہم کئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں موسم سرما اور موسم گرما کیلئے الگ الگ اوقات صلوٰة کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔موسم گرما کیلئے 14 اپریل سے 15 اکتوبر جب کہ موسم سرما کے لئے 15 اکتوبر سے 14 اپریل تک کیلئے نماز کے اوقات کا اعلان کردیا گیا۔ موسم گرما میں فجر کی اذان 4 بج کر10 منٹ جب کہ نماز 4 بج کر40 منٹ پر ہو گی، ظہر کی اذان ایک بج کر 15 منٹ اور نماز ایک بج کر30 منٹ پر ہو گی، عصر کی اذان 4 بج کر49 منٹ اور نماز 4 بج کر59 منٹ پر ہو گی، مغرب کی اذان 6 بج کر 45 منٹ اور نماز 6 بج کر47 منٹ پر ہو گی جب کہ عشائ کی اذان 8 بج کر15 منٹ اور نماز 8 بج کر40 منٹ پر ہو گی۔موسم سرما میں فجر کی اذان 4 بج کر49 منٹ اور نماز 5 بج کر19 منٹ پر ہو گی، ظہر کی اذان ایک بجے اور نماز ایک بج کر15 منٹ پر ہو گی، عصر کی اذان 3 بج کر57 منٹ اور نماز 4 بج کر07 منٹ پر ہو گی، مغرب کی اذان 5 بج کر 41 منٹ اور نماز 5 بج کر43 منٹ پر ہو گی جب کہ عشاء کی اذان7 بج کر 21 منٹ اور نماز 7 بج کر36 منٹ پر ہو گی۔ جمعة المبارک کی اذان پورے 12 بج کر 45 منٹ اور جماعت ایک بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پورے ملک میں نظام صلوٰة نافذ کرنے کے عمل کا آغاز اسلام آباد سے کیا ہے جس کا دائرہ کار آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔