اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کی امامت میں فیصل مسجد میں ادا کی جانے والی جمعہ کی نماز میں ڈھائی لاکھ مرد و خواتین کی شرکت‘ جڑواں شہروں کے علاوہ گرد و نواح کے علاقوں سے بھی صبح سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی مرکزی فیصل مسجد میں امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے نماز جمعہ کی امامت کی جس میں تقریباً ڈھائی لاکھ مرد و خواتین نمازیوں نے نماز ادا کی۔ یکم مئی کے حوالے سے عام تعطیل ہونے کے باعث علی الصبح سے ہی جڑواں شہروں کے علاوہ گرد و نواح مری‘ روات‘ کلرسیداں‘ چکوال‘ جہلم‘ گوجرخان کے شہری بھی فیصل مسجد کا رخ کرتے نظر آئے۔ اسلام آباد کے داخلی راستے فیض آباد سے صبح 10 بجے سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں نظر آئیں۔ امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کا سمندر تاحد نگاہ تک دیکھنے میں نظر آیا۔ مسجد میں جگہ بھر جانے کے بعد نمازیوں نے مسجد کے ارد گرد سبزہ زار کے علاوہ پارکنگ ایریاز اور سڑک پر نماز ادا کی۔ یاد رہے کہ فیصل مسجد میں اس سے قبل سابق صدر ضیاءالحق کے جنازے اور اس کے بعد امام کعبہ شیخ السدیس کی نماز کی ادائیگی کے موقع پر اتنا بڑا اجتماع ہوا تھا۔